حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،آکسیجن بنانے والی تین سو مشینوں پر مشتمل یہ امداد، آستانہ قدس رضوی کے متولی حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی کے حکم سے اور کچھ دیگر اداروں اور عوامی تعاون سے ارسال کی گئی ہے۔
قریب ڈیڑھ کروڑ روپئے مالیت کی یہ آکسیجن بنانے والی مشینیں نئی دہلی میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے اور رہبر انقلاب اسلامی کے نمائندے آیت اللہ مہدوی پور کے ذریعے مختلف ہندوستانی اسپتالوں اور طبی مراکز کو دی جائیں گی۔
واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی طرف سے اس سے پہلے بھی لازمی دوائیں اور میڈیکل آلات پر مشتمل امداد سرکاری سطح پر ہندوستان روانہ کرچکا ہے۔
خیال رہے کہ اس وقت ہندوستان میں کورونا متاثرین کی یومیہ تعداد بڑھ جانے کے سبب متعدد ریاستوں کے اسپتالوں کو طبی وسائل بالخصوص آکسیجن کی کمی کا سامنا ہے جس کے باعث عوام کو بڑے نازک اور ناگفتہ حالات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اسی کے پیش نظر کئی ممالک نے ہندوستان کو انسان دوستانہ امداد کی پیشکش کی ہے۔